
ویانا: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج ویانا کے تاریخی ہوف برگ پیلس میں واقع فیڈرل چانسلری میں جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچیئن اسٹاکر سے ملاقات کی۔
فیڈرل چانسلری پہنچنے پر چانسلر اسٹاکر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان محدود سطح کی ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو یاد کیا اور اقتصادی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، مہمان نوازی، تعلیم، آئی ٹی، صحت، انسانی وسائل کی ترقی اور افرادی نقل و حرکت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس مقصد کے لیے زیر غور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے، تنازعات کے پرامن حل، پائیدار ترقی، ماحولیاتی اقدامات اور انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے کثیرالجہتی نظام سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور ایک دوسرے کی نامزدگیوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
وزیر اعظم اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر نے قابل تجدید توانائی، توانائی بچت، صنعتی پیداوار و تعمیرات، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، جراحی آلات، چمڑا و کھیلوں کے سامان، صحت، سیاحت و مہمان نوازی اور خوراک و زرعی صنعتوں میں کام کرنے والی آسٹریا اور پاکستان کی نمایاں کمپنیوں کے سربراہان کے مشترکہ فورم کی بھی مشترکہ صدارت کی۔
دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی، جی ٹو بی اور بی ٹو بی روابط کو موجودہ پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم نے آسٹریا کی کمپنیوں کو رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں ہونے والے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے دورے کے دوران بامعنی اور نتیجہ خیز ملاقاتوں پر چانسلر کا شکریہ ادا کیا جو دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونکیں گی۔ انہوں نے آسٹریا کے وفاقی چانسلر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
DATE . Feb/17/2026


