پاکستان ٹیم نے ایشیاکپ کے فائنل کی پوری فیس بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے نام کردی

پاکستان ٹیم نے ایشیاکپ کے فائنل کی پوری فیس بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے نام کردی
ایشیا کپ کے فائنل کی تمام فیس 7 مئی کے حملے میں شہید ہونے والے بچوں اور عام شہریوں کے نام کرتے ہیں: پاکستان کرکٹ بورڈ۔ فوٹو پی سی بی 

پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل کی پوری فیس رواں برس 7 مئی میں بھارت کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے نام کردی۔

گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔

لیکن ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی برقرار رہی اور انہوں نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تاہم محسن نقوی بھی ڈٹ گئے جس پر بھارتی ٹیم کو ٹرافی کے بغیر ہی مایوس ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو سیاسی پریس کانفرنس کرنے پر جرمانہ بھی ہوا لیکن انہوں نے فائنل میچ کے بعد ایک بار پھر پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ وہ ایشیا کپ میں کھیلے گئے اپنے تمام میچز کی فیس بھارتی فوج کو دینے کا اعلان کرتے ہیں۔

اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کی تمام فیس 7 مئی کو ہونے والے حملے میں شہید ہونے والے بچوں اور عام شہریوں کے نام کرتی ہے، ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے رواں برس 7 مئی میں پاکستان پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں متعدد پاکستانی شہید اور زخمی ہوئے تھے تاہم پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ناصرف دشمن کے 7 طیارے گرائے بلکہ متعدد ائیر بیسز کو بھی تباہ کیا۔

DATE . Sep/29/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top