
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے مسافروں کے امیگریشن عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے منسلک کرنے کے جدید نظام کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے تیز رفتار امیگریشن سسٹم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں سے بھی ملے اور ان سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں دریافت کیا۔ مسافروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ امیگریشن کا پورا عمل صرف دو منٹ میں مکمل ہو گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہ روکا جا رہا ہے اور نہ ہی روکا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نامکمل یا جعلی دستاویزات کے حامل افراد کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے، اور وطن کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
DATE . Dec/2/2025


