
اسلام آباد:وزیراعظم نے سری لنکا میں سمندری طوفان سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کاروائیوں کےحوالےسے متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سری لنکا میں سمندری طوفان “دتوا” (Ditwa) سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان کی جانب سے امدادی کاروائیوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سری لنکا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکا میں امدادی کاروائیوں کےحوالےسے متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو مرحلے کے بعد پاکستان متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کو پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی ۔
شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کل سری لنکا روانہ ہو گی۔کمرشل بحری جہاز کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی کل روانہ ہو گا ۔
شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کا جہاز سیف، سری لنکا میں تعیناتی کے دوران سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سر گرمیوں میں مصروف ہے پاک بحریہ کے جہاز پر موجود ہیلی کاپٹر نے سری لنکا میں پانچ دن سے پھنسے خاندان کو بھی بچا لیا تھا۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان سری لنکا میں ریلیف اور ریسکیو مدد جاری رکھے گا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
DATE . Dec/3/2025


