سری لنکا میں طوفان کی تباہ کاریاں، وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان کی امدادی سرگرمیاں جاری

News Image

اسلام آباد: سری لنکا میں طوفان کی تباہ کاریوں اور سری لنکن حکومت کی امداد کی اپیل کے بعد حکومتِ پاکستان کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی اقدامات جاری ہیں۔ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر آج صبح سری لنکا کے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے مخصوص ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کا C-130 طیارہ 47 رکنی ٹیم اور 6.5 ٹن ضروری آلات کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے سری لنکا روانہ ہوا۔ سامان روانگی کی تقریب میں سری لنکا کے سفیر، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک موجود تھے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے پاکستان اور دیگر ممالک میں آفات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز سری لنکا کے صدر سے تفصیلی بات چیت کی، جب کہ دیگر متاثرہ ممالک انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

سری لنکن سفیر فریڈ سینو یراتھنے نے فوری امداد کی فراہمی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ کولمبو سے لاہور آنے والی سری لنکن ائیر لائن کے ذریعے بھی امدادی سامان بھیجا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے 200 ٹن امدادی سامان بحری جہاز کے ذریعے روانہ کر چکا ہے، جس میں خیمے، کمبل، رضائیاں، لائف جیکٹس، کشتیاں، پانی نکالنے کے پمپس، لیمپس، چٹائیاں، مچھر دانیاں، بچوں کا خشک دودھ، تیار کھانا اور ادویات شامل ہیں۔

پاکستان نیوی کے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر پہلے ہی سری لنکا میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جب کہ سری لنکن صدر کی خصوصی درخواست پر پاک آرمی کے عارضی پل بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔

DATE . Dec/3/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top