
راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کیمبرین پٹرول مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے دنیا کے مشکل ترین مقابلوں میں شاندار کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ فیلڈ مارشل نے شرکاء کی جسمانی صلاحیت، عسکری مہارت اور مثالی ٹیم ورک کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے پاک فوج کی بہترین روایات کو برقرار رکھا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹیم کی محنت، لگن اور سخت تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کامیابی نہ صرف قوم کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پاک فوج کے معیارِ اعلیٰ کے عزم کی بھی توثیق کرتی ہے۔
شرکاء نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نظم و ضبط، بے لوث خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت جیسے بنیادی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔
DATE . Dec/3/2025


