
کویت سٹی :وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے دورۂ کویت کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان اور کویت کے درمیان پٹرولیم اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے وفد کے ہمراہ کویت کے وزیرِ تیل طارق سلیمان الرومی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ نواف الصبا اور کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کی اعلیٰ قیادت بھی شریک تھی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پٹرولیم شعبے میں نئی شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا اور توانائی کے شعبے میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات باہمی اعتماد اور دہائیوں پر محیط ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان پٹرولیم اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو نئی جہتوں تک لے جایا جائے گا۔
DATE . Dec/16/2025


