
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔انہوں نے کہاہےکہ متحدہ عرب امارات مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون مضبوط ہے، تاہم سرمایہ کاری، توانائی، ڈیجیٹل معیشت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔
صدرِ مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اورمتحدہ عرب امارات کی اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکرکیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقات بالخصوص سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور عوام سے عوام کے روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ان کے خاندان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔یہ تعلق نسلوں پر محیط ہے، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیربھٹو تک جاری رہا اور آج بھی قائم ہے۔ یہ ذاتی وابستگی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی بنیاد میں گہرے اعتماد اور محبت کی عکاس ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امارات کی ترقی میں ان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دینے کا اظہار کیا۔
DATE . Dec/20/2025


