وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے برازیل کے سفیر کی ملاقات ، لائیو اسٹاک، ڈیری اور گوشت کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو

News Image

اسلام آباد:وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے برازیل کے سفیر اولینتھو ویرا نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور برازیل کے درمیان لائیو اسٹاک، ڈیری اور گوشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر لائیو اسٹاک، ڈیری، میٹ پروسیسنگ اور زرعی خوراک کے شعبوں میں شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان–برازیل مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ برازیل لائیو اسٹاک اور میٹ ایکسپورٹس میں عالمی رہنما ہے اور پاکستان برازیل کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر اپنے لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتا ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حلال گوشت کی عالمی منڈی میں پاکستان کا حصہ بڑھانا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے لائیو اسٹاک کے شعبے کو قومی ترجیحی شعبہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ جامع تکنیکی تعاون کے لیے تیار ہے، جس میں ماہرین کے تبادلے اور تربیتی پروگرام شامل ہوں گے۔


برازیل کے سفیر اولینتھو ویرا نے کہا کہ برازیل نے تحقیق اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے زرعی انقلاب برپا کیا ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ لائیو اسٹاک اور ڈیری کے شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے بیماریوں پر قابو پانا اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا بنیادی شرط ہے۔

DATE . Dec/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top