
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی مرتبہ ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری ایک اہم قومی کامیابی ہے، جس کے بعد ڈیجیٹل زراعت شماری اور اکنامک سروے آف پاکستان بھی کامیابی سے مکمل کیے گئے۔
ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ سروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سروے کے اجراء سے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ محققین بھی ڈیٹا کو استعمال میں لاتے ہوئے بہتر حکمت عملی بنا سکیں گے ۔احسن اقبال نے کہاکہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی شرحِ نمو تقریباً 4 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت محتاط اور ذمہ دارانہ معاشی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ آنے والے برسوں میں پائیدار اور مسلسل معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سروے میں متعدد مثبت معاشی اور سماجی اعشاریے سامنے آئے ہیں جو بتدریج بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔
DATE . Jan/2/2026


