
اسلام آباد:وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انٹرنیٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور اسپیڈ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید دور میں تیز ترین رابطے ناگزیر ہیں۔ فری لانسنگ اور ریموٹ ورک کا تمام تر دارومدار بہتر انٹرنیٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور نوجوان نسل کے لیے یہ شعبہ روشن مستقبل کی کنجی ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے آئی ٹی میں انقلاب برپا کر دیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل انقلاب نے زندگی کے ہر شعبے بشمول آن لائن بینکنگ اور صحافت کو بدل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سائبر دنیا میں مہارت ہی کامیابی کی ضمانت ہے، آئی ٹی کے بغیر جدید ترقی کا تصور ممکن نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت تمام رکاوٹیں دور کر کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرے گی۔
DATE . Jan/3/2026


