
لندن: پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی لندن میں اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نوجوانوں کے لیے روزگار، یوتھ انگیجمنٹ اور اوورسیز یوتھ کنونشن کے انعقاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اوورسیز یوتھ انگیجمنٹ قومی یوتھ ایجنڈے کو مزید مضبوط کرے گی۔ ملاقات میں پاکستانی ہائی کمیشن لندن کی نوجوانوں کی تنظیموں کے ساتھ رابطوں اور کاوشوں کو سراہا گیا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران دولت مشترکہ سیکرٹریٹ، برٹش ای اسپورٹس اور برطانوی یوتھ تنظیموں سے ملاقاتیں کی گئی ہیں، جبکہ برطانیہ کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی طے کی گئی ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نوجوانوں کے لیے اوورسیز روزگار کے نئے مواقع اور بین الاقوامی یوتھ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔


