
کوئٹہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں گورنر ہاؤس آمد پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر ہاؤس بلوچستان میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، وفاقی وزراء ڈاکٹر احسن اقبال، علیم خان، رانا ثناء اللہ اور بلوچستان کے سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔
اس سے قبل کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کوئٹہ میں آج مصروف دن گزاریں گے، دورے کے دوران وہ صوبے کی سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ بلوچستان میں دانش اسکول، نیشنل ہائی وے این۔25 اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ متعدد منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔
DATE . Jan/9/2026


