
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زیرِ تعمیر نئے ہسپتالوں کی جلد از جلد تکمیل کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے نواز شریف کینسر ہسپتال، لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور سرگودھا میں نواز شریف کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سمیت دیگر اہم طبی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے واضح ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اسی ماہ عوام کے لیے کھول دیا جائے۔ انہوں نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کی تکمیل کا بھی حکم دیا۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں مریضوں کے لیے ویٹنگ ایریا اور سرائے، مسجد اور ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاکستان کے پہلے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا باقاعدہ آغاز اسی ماہ کیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں ڈاکٹرز اور پروفیشنل اسٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ 219 آسامیوں کے لیے انٹرویوز بھی کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی دوبارہ مشتہر کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آغاز کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں پاکستان بھر سے آنے والے ہر کینسر کے مریض کا علاج کیا جائے گا، اور عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
DATE . Jan/11/2026


