
اسلام آباد:پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی معیشت پر عالمی اعتماد اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے بھرپور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر نے دسمبر 2025 میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2025 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر 3.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ ان کے مطابق دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر، دسمبر 2024 کے 3.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 17 فیصد زیادہ رہیں۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ نومبر 2025 کے 3.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریکارڈ ترسیلاتِ زر کے باعث مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلاتِ زر 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلاتِ زر گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ مالی سال 2026 میں مجموعی ترسیلاتِ زر کے 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 813 ملین ڈالرز کی ترسیلات بھیجی گئیں، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 726 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔ اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں نے برطانیہ سے 560 ملین ڈالرز اور امریکہ سے 302 ملین ڈالرز پاکستان بھجوائے۔
مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ مجموعی طور پر دسمبر 2025 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مضبوط شمولیت طویل المدتی استحکام، پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
DATE . Jan/14/2026

