
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں اسپیکر نے سفیر کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر نے خوشگوار تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پارلیمانی تعلقات اور سفارت کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران دونوں طرف سے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے اسپیکر کو پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر مبارکباد دی اور پاکستانی تارکین وطن کے یورپی ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار کو سراہا۔ اسپیکر نے یوکرین میں قیامِ امن اور روس-یوکرین جنگ کے پرامن حل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سفیر نے جمہوری اقدار کے فروغ اور قومی اسمبلی کی کارروائیوں کو غیر جانبداری سے چلانے پر اسپیکر سردار ایاز صادق کو سراہا۔
DATE . Jan/15/2026


