
اسلام آباد: وزیر اعظم سے نائب وزیر، بین الاقوامی شعبہ مرکزی کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (IDCPC) محترمہ سن ہائی یان نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ایک چین پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اقتصادی شراکت داری کے حوالے سے وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے چین کی فراخدلانہ معاونت، بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی، چین کے لیے وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے ظفر الدین محمود اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے چینی معزز مہمان اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم کہا کہ یہ دورہ اس اعتبار سے نہایت اہم ہے کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا آغاز پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے بیجنگ کے کامیاب دورے سے ہوا، جس کے بعد وزیر داخلہ نے شنگھائی کا دورہ کیا۔ مزید برآں، آئندہ دنوں میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے دورۂ چین بھی متوقع ہے۔
وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے اپنی دلی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ پاکستان کی فولاد کی طرح مضبوط اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق ہر حال میں غیر متزلزل رہے گا۔ وزیر اعظم نے ایک چین پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اقتصادی شراکت داری کے حوالے سے وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے چین کی فراخدلانہ معاونت، بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کو اس سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا، کیونکہ یہ سال دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت اور ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
چینی نائب وزیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں اقتصادی اور سیاسی استحکام لانے پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔
معزز چینی مہمان نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے سیاسی قوتوں کو متحد کرنے میں وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
چینی نائب وزیر نے جماعتی سطح پر تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور بین الجماعتی طریقۂ کار کے ذریعے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے عزم اور پختہ ارادے کا اظہار کیا۔
DATE . Jan/16/2026


