
ریاض :سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم کے دوران پاکستانی معدنی اور توانائی کے شعبے کو غیرمعمولی عالمی توجہ اور پذیرائی حاصل ہوئی، جہاں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کے وسیع معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور اصلاحاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے سعودی عرب کے وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی تعاون بڑھانے، نالج ایکسچینج اور تکنیکی اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی وزیرِ توانائی نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
علی پرویز ملک کی سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح سے بھی اہم ملاقات ہوئی جس میں معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات، مشترکہ منصوبوں اور نجی شعبے کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیوچر منرلز فورم میں خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے میدان میں ایک ابھرتی ہوئی عالمی منزل بن رہا ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کے معدنی وسائل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ عالمی میڈیا کی نمائندہ اور سی این این کی اینکر ایلینی گیوکوس نے بھی پاکستان کے معدنی شعبے کو عالمی توجہ کا مرکز قرار دیا۔
عالمی وزراء کے پینل میں پاکستان کے معدنی وژن کو بھرپور سراہا گیا جبکہ علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان معدنی شعبے میں ضوابط کو آسان بنا رہی ہے تاکہ غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان میں جدید، شفاف اور پائیدار کان کنی کا نیا معیار ہے۔ اس دوران علی پرویز ملک کی انٹرنیشنل انرجی فورم، میٹسو کارپوریشن اور سعودی ایکزم بینک کی ٹیموں سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر نے عالمی سرمایہ کاروں کو اپریل 2026 میں پاکستان میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی۔ فورم میں قائم پاکستان پویلین “پاکستان، دی منرل مارول” شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا جہاں نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر کی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات کو عالمی سطح پر پیش کیا گیا، جس سے پاکستان کے معدنی شعبے کی شفافیت اور استعداد کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
DATE . Jan/18/2026


