
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد 19 سے 21 جنوری تک چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کرے گا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق یہ دورہ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لی جی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سال 2026 میں اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ چین کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر رواں سال خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جنہیں شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
دورہ چین کے دوران پاکستانی پارلیمانی وفد کی چینی پارلیمانی اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ پارلیمانی تعاون، باہمی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پارلیمانی وفد میں اراکین قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم (کنوینر پاک-چین فرینڈ شپ گروپ)، محمد نعمان، زیب جعفر اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ دورہ چین دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمانی تعاون کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
DATE . Jan/19/2026


