
اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے تاجکستان، پاکستان کلچرل فیسٹیول میں شرکت کی۔ پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ تاجکستان کا 75 رکنی ثقافتی طائفہ اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے اور لوک ورثہ میں شاندار شو پیش کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تاجک فنکاروں کو شاندار پرفارمنس پر شاباش اور تعریفی کلمات دیے اور کہا کہ ثقافتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان گہری ثقافتی تہذیب ہونے پر بھی زور دیا اور تاجکستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ثقافتی وفد بھیجا۔
تاجکستان کے سفیر، وزیر برائے ثقافت اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر سے مختلف امور پر بات چیت کی اور پاکستان کی شاندار میزبانی پر تاجکستان کے عوام کی طرف سے تشکر کا اظہار کیا۔ فیسٹیول میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی بھی موجود تھے۔
DATE . Jan/20/2026
