
قاہرہ :وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے قاہرہ میں پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں جامعہ الازہر میں زیرِ تعلیم 254 پاکستانی طلبہ کے نمائندگان نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے طلبہ سے فرداً فرداً ان کے تعلیمی عمل، درپیش مسائل اور مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے طلبہ کو اپنے مصری ہم منصب سے ہونے والی ملاقات کے دوران اسکالرشپس اور تعلیمی سہولیات سے متعلق ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ الازہر مسلمانوں کے لیے مرکزی اہمیت کا حامل ایک تاریخی اور عالمی شہرت یافتہ ادارہ ہے، جو دینی تعلیم اور فتویٰ کے حوالے سے مسلمہ حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس عظیم ادارے سے حاصل کردہ دینی و دنیاوی تعلیمات کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دینی فہم کے فروغ کے لیے بروئے کار لائیں۔
وفاقی وزیر نے طلبہ سے ان کے مسائل، تعلیمی و انتظامی امور اور جامعہ الازہر سے وابستہ تعلیم کے حوالے سے مزید بہتر انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ مذہبی امور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل اور مؤثر تدارک کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
سردار محمد یوسف نے طلبہ کو نصابی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے طرزِ عمل اور کارکردگی سے پاکستان کے روشن تشخص کو اجاگر کریں۔ طلبہ کی جانب سے پیش کی گئی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق سفارشات پر وفاقی وزیر نے عملدرآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے سفارتخانہ پاکستان قاہرہ میں دورہ کے دوران معزز مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
DATE . Jan/22/2026


