ایجوکیشن ایمرجنسی کے تحت اسکول سے باہر ہر بچے کو تعلیم دینا حکومت کا عزم ہے، فرح ناز اکبر

News Image

راولپنڈی:وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر کاکہناہے کہ اسلام آباد میں تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں سیاسی، تعلیمی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تعلیم سے محروم 80 ہزار بچوں میں سے 70 ہزار کو اسکولوں میں داخل کرا دیا گیا ہے، جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر نصاب میں جدت لا رہا ہے، جسے جلد تمام اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

فرح ناز اکبر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2028 کے اختتام تک ملک بھر میں 26 ملین اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایجوکیشن ایمرجنسی کے تحت اسکول سے باہر ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنا حکومت کا پختہ عزم ہے، جبکہ صوبوں کے تعاون سے تعلیم کے شعبے میں نئی اور جدید اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتے ہیں اور ہر بچے تک علم و ہنر پہنچانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

DATE . Jan/24/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top