
لندن:برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے افغانستان جنگ میں نیٹو افواج کے کردار سے متعلق امریکی صدر کے بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں افسوسناک اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔ کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ان بیانات سے برطانیہ میں شدید دکھ اور تکلیف کا احساس پیدا ہوا ہے اور امریکی صدر کو اس توہین آمیز بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔
برطانوی وزیرِ اعظم نے افغانستان میں ہلاک ہونے والے برطانوی مسلح افواج کے 457 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو افواج نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے بھاری قربانیاں دیں جن کا احترام لازم ہے۔
دوسری جانب برطانوی شہزادہ ہیری نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں نیٹو افواج کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب امریکہ نے امریکی صدر پر برطانوی وزیرِ اعظم کی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں نیٹو کے لیے امریکہ نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
DATE . Jan/24/2026


