عالمی اقتصادی فورم 2026 میں پاکستان کی نمایاں کامیابیاں

News Image

ڈیووس:عالمی اقتصادی فورم 2026 میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کیا ہے۔ فورم میں پاکستان نے اپنی معیشت کی مضبوط بنیاد اور مالیاتی اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

ایس آئی ایف سی پاکستان کی عالمی اقتصادی شراکت داری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو رہا ہے۔وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کے دوران عالمی مالیاتی رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں عالمی مالیاتی قیادت نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی اقدامات کو بھرپور سراہا۔

ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر کے مطابق پاکستان اصلاحاتی اقدامات اور بڑھتے ہوئے مارکیٹ اعتماد کے باعث اقتصادی تبدیلی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔فورم کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے پاکستان میں نمایاں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کیے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق سرمایہ کاری کے میدان میں بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔خرم شہزاد نے بتایا کہ وزیراعظم سمیت وفاقی وزرا کے وفد کے دورۂ ڈیوس 2026 کے دوران عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے انتہائی اہم اعلانات کیے گئے۔

ان کے مطابق نیسلے نے پاکستان میں مزید 17 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور نیسلے پاکستان کو ایک علاقائی ایکسپورٹ ہب بنانے جا رہی ہے، جہاں سے 26 ممالک کو برآمدات کی جائیں گی۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق آذربائیجان کی سوکار کمپنی پاکستان کی آئل اینڈ گیس مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے، جبکہ کویت کے رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک نے پاکستان میں ڈیجیٹل بینک قائم کرنے کے لیے 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے ساتھ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی کی اصلاحات اور سہولت کاری سے عالمی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔

DATE . Jan/30/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top