پی آئی اے کی نجکاری کامیابی سے مکمل، ٹرانزیکشن دستاویزات پر دستخط،وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد، مسافروں کو جدید سہولیات ملیں گی، شہبازشریف

News Image

اسلام آباد:وزیراعظم نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔یقین ہے کہ ادارےکی عظمت رفتہ بحال ہو گی اور مسافروں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی۔

قومی ایئر لائن کی نجکاری کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا۔حکومتی اور عارف حبیب کنسورشیم کے نمائندوں نے اسلام آباد میں ہونیوالی خصوصی تقریب میں ٹرانزیکشن دستاویزات پر دستخط کیے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نےدستاویزات پر دستخط کے بعد نجکاری کا عمل مکمل ہونے پرقوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کا ہوا بازی کے شعبے میں ایک مقام تھا۔یقین ہے کہ یہ ادارہ معیاری سہولتوں کی فراہمی اوربہتر کارکردگی سے ایک بار پھر دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا ۔

محمد شہبازشریف نے پرائیویٹائزیشن کی کامیابی پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مشیر نجکاری محمد علی ، حکومتی ٹیم اور سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں تمام عمل مکمل ہوا۔انہوں نے ملک کی صنعتی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں عارف حبیب کنسورشیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین کنسورشیم عارف حبیب نے پی آئی اے کی بلند پروازکے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم قومی کاز کے لیے آگے بڑھے ہیں۔پی آئی اے کی 180ارب روپے کی نجکاری کی رقم سے 125ارب روپے ائیر لائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے، خدمات کی موثر فراہمی ، ملازمین کی فلاح و بہبود سمیت ادارے کی بہتری کیلئے خرچ ہوں گے ۔55ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لیے ماحول سازگار ہے۔حکومتی سرپرستی سے سرمایہ کار مزید بہتر کام کر سکیں گے ۔

نجکاری کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر محمد علی نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری پایہ تکمیل کو پہنچی۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہیں۔

DATE . Jan/30/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top