
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف 5 اور 6 فروری 2026 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدرِ ازبکستان اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کریں گے جس میں سینیئر کابینہ ارکان اور ممتاز کاروباری رہنما شامل ہوں گے۔
اپنے قیام کے دوران صدر شوکت مرزایوف صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان-ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔
ملاقاتوں اور مذاکرات میں پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ صدر شوکت مرزایوف کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور برادرانہ رشتوں کا مظہر ہے۔ یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہب اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہیں۔
DATE . Feb/5/2026


