یومِ یکجہتی کشمیر:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورسروسز چیفس کا کشمیر کے مظلوم اور بہادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ

News Image

راولپنڈی:یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے افواجِ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے اور کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور انسانی حقوق و بین الاقوامی قانون کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ بیان میں مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اور سیاسی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کو جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور مصائب کے خاتمے کے لیے بامعنی اور عملی اقدامات کرے۔

بیان کے مطابق مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔

DATE . Feb/5/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top