
دبئی :دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پریس قونصلر محمد صالح کے ہمراہ دبئی انٹرنیشنل آرٹ سینٹر میں پاکستانی آرٹ اینڈ کلچر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر قونصل جنرل نے منتظمین کو پاکستان کی فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پرمبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی سے جاری بیان کے مطابق حسین محمد نے کہا کہ دبئی بین الثقافتی روابط کا ایک اہم مرکز ہے اور متحدہ عرب امارات ایسے منفرد مواقع اور پلیٹ فارمز فراہم کرتا ہے جہاں مختلف ثقافتیں باہم ملتی ہیں۔
قونصل جنرل نے پاکستان کی گہری اقدارپر مبنی فن و ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ سفارتکاری کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جو دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے پاکستان، متحدہ عرب امارات اور عالمی برادری کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قونصلیٹ جنرل کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔منتظمین کی جانب سے صوبیکا فواد نے قونصل جنرل اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی حوصلہ افزائی و تعاون کو سراہا۔
DATE . Feb/8/2026


