
راولپنڈی: 9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ 9 فروری 2026 کو کھاریاں میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک طویل گشتی مشق ہے جس کا مقصد شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ عسکری مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق 5 فروری 2026 سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جس نے ایک حقیقت سے قریب تر اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔
وقت کے ساتھ ساتھ پی اے ٹی ایس ایک باوقار اور سخت مقابلہ جاتی عسکری مشق کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جو شریک ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ فورم فوجی سطح پر تعاون اور باہمی فہم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مشکل آپریشنل ماحول میں ٹیم اسپرٹ اور رفاقت کو بھی فروغ دیتا ہے۔
اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی وسیع شرکت دیکھنے میں آئی جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور ازبکستان شامل تھے۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصرین کے طور پر شرکت کی۔ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 مقامی ٹیموں کے علاوہ پاک فضائیہ کے مبصرین نے بھی ایونٹ میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی کثیرالقومی سرگرمیاں اجتماعی تیاری کو بہتر بنانے اور جدید جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پاک فوج کی بنیادی اقدار کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے “کردار، جرات اور مہارت” جیسی سپاہیانہ خصوصیات کو اجاگر کیا، جن کا پاکستانی جوانوں نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے دوران پیشہ ورانہ معیار، تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیاں بھی دیکھیں، جہاں انہوں نے نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے دستوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے روایتی تربیت کے ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
DATE . Feb/10/2026


