جنوبی سوڈان میں امن عمل کو مضبوط اور مؤثر حمایت کی فوری ضرورت ہے،سفیر عاصم افتخار

News Image

نیویارک:اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے جنوبی سوڈان کی صورتِحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوبی سوڈان میں امن عمل کو مضبوط اور مؤثر حمایت کی فوری ضرورت ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اپنے بیان میں جنوبی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے مضبوط مینڈیٹ اور اسے درکار وسائل کی فراہمی پر زور دیا۔

عاصم افتخار نے احیائے امن معاہدے کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امن عمل ناکام ہوا تو اس کی قیمت جنوبی سوڈان کے عوام کو چکانا پڑے گی، جو پہلے ہی عدم استحکام اور انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث امن مشنز کی صلاحیت میں کمی تشویشناک ہے۔ فوجیوں اور گشت میں کمی شہریوں کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، لہٰذا یو این ایم آئی ایس کو وسائل سے بھرپور اور فعال رکھا جانا ضروری ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ سوڈان میں جاری تنازع کے باعث اب تک تقریباً 13 لاکھ پناہ گزین جنوبی سوڈان منتقل ہو چکے ہیں۔پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی امن کارروائیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنی واجب الادا مالی ذمہ داریاں بروقت ادا کریں تاکہ امن مشنز کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

سفیر عاصم افتخار نے آئی جی اے ڈی اور افریقی یونین کی سفارتی کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے مربوط اور مؤثر رابطے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور علاقائی میکانزم کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔

DATE . Feb/12/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top