وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی نائب معاون وزیر برائے جنوبی و وسطی ایشیا کی ملاقات،پاک ۔امریکا اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

News Image

اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو برائے جنوبی و وسطی ایشیا کے نائب معاون وزیر جان مارک پومرشائم نے، پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کے ہمراہ، آج وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔

وزیرِ خزانہ نے امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی ترقی میں امریکا کے دیرینہ تعاون، خصوصاً کثیرالجہتی مالیاتی فریم ورکس میں اشتراک کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے وفد کو ملک میں میکرو اکنامک استحکام اور اصلاحات کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پائیدار اور برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب منتقلی پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارہ کم ہوا ہے، ترسیلاتِ زر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ بہتر ہوا ہے جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی ذکر کیا اور حالیہ مقامی سرمایہ کاری اقدامات اور نجی شعبے کی بڑھتی شمولیت کو مثبت اشارہ قرار دیا۔

امریکی نائب معاون وزیر جان مارک پومرشائم نے مالیاتی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کو اہمیت دیتا ہے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مضبوط بنانا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔

وزیرِ خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور امریکی بزنس کمیونٹی، بشمول یو ایس چیمبر آف کامرس اور امریکن بزنس کونسل کے ساتھ مسلسل رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وفد کو پاکستان کے بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخل ہونے کے منصوبوں، بشمول پانڈا بانڈ کے اجرا، سے بھی آگاہ کیا جو مالی وسائل کے تنوع کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تعمیری مکالمے کو سراہا گیا اور پاکستان-امریکا اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

DATE . Feb/12/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top