
اسلام آباد:آذربائیجان کے سفیرخضر فرہادوف نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سفیر نے ڈاکٹر مصدق ملک کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ای سی او اجلاس میں دوٹوک اور اصولی مؤقف کو سراہا، خصوصاً عالمی سطح پر مشترکہ ذمہ داری اور موسمیاتی وعدوں میں عدم ہم آہنگی کی نشاندہی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے منصفانہ موسمیاتی اقدامات میں پاکستان کے فعال کردار کو کی بھی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کی اور تاریخی، ثقافتی و باہمی احترام کے مضبوط رشتوں پر زور دیا۔
سفیر آذربائیجان نے وفاقی وزیر کو 17 تا 22 مئی 2026 کو باکو میں منعقد ہونے والے تیرہویں عالمی شہری فورم میں شرکت کی دعوت دی، جس میں موسمیاتی تبدیلی، شہری ترقی، لچکدار شہروں کی تعمیر اور ماحولیاتی پائیداری کے موضوعات پر غور کیا جائے گا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے دعوت کا خیرمقدم کیا اور پاکستان و آذربائیجان کے درمیان پائیدار ترقی اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
DATE . Feb/20/2026


