
جنیوا :اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان نے بھارت کو سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دوٹوک جواب دیا۔
پاکستانی سفارت کار عدیل ممتاز کھوکھر نے بھارتی پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور یکطرفہ اقدامات، آبادی کا تناسب بدلنے یا انتخابی انجینئرنگ سے کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
عدیل ممتاز کھوکھر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار ممکن نہیں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کے ریکارڈ پر موجود ہیں۔
انہوں نے جبری گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور مواصلاتی بلیک آؤٹس پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
سفارت کار عدیل ممتاز کھوکھرنے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں اور بیرونِ ملک کارروائیوں پر جوابدہ ہو اور عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر مجبور کرے۔
DATE . Feb/27/2026


