
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے کوکا کولا آئس چیک(Coca Cola Icecek Pakistan) پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کمپنی کی پاکستان میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری موجود ہے اور ادارے کی جانب سے مزید توسیع کے عزم کا اظہار خوش آئند ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہا۔ کاربونیٹڈ مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے موجودہ نرخ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وفد نے بتایا کہ اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
کمپنی کی جانب سے ٹیکس قوانین، انسانی حقوق اور مساوی اجرت کے اصولوں کی مکمل پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ان کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحاتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور ادارہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
DATE . Feb/27/2026


