راولپنڈی۔7مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رتہ امرال کے علاقے میں قائم کولڈ ڈرنکس کے ایک خفیہ گودام پر چھاپہ مار کر 16 ہزار لیٹر معروف برانڈز کی ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس اور مشروبات تلف کر دیئے جبکہ اس دھندے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ گودام میں موجود ملزمان ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بوتلوں اور …

راولپنڈی۔7مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رتہ امرال کے علاقے میں قائم کولڈ ڈرنکس کے ایک خفیہ گودام پر چھاپہ مار کر 16 ہزار لیٹر معروف برانڈز کی ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس اور مشروبات تلف کر دیئے جبکہ اس دھندے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ گودام میں موجود ملزمان ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بوتلوں اور کینز پر درج اصل ایکسپائری تاریخ کو بفر مشین کے ذریعے مٹا کر اس کی جگہ نئی تاریخ درج کر رہے تھے تاکہ ان مشروبات کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس قبضے میں لے کر تلف کر دیں جبکہ پولیس کو طلب کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ رمضان المبارک میں کولڈ ڈرنکس اور مختلف مشروبات کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملاوٹ مافیا غیر معیاری اور ایکسپائرڈ اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرتا ہے تاہم فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے باعث ایسے عناصر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اشیائے خورونوش خریدتے وقت ان کی ایکسپائری تاریخ ضرور چیک کریں اور اگر کہیں ملاوٹ یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا شبہ ہو تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
DATE . Mar/7/2026


