
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے میں جنگی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی غیر معمولی معاشی مشکلات کے پیش نظر صوبے میں ہنگامی نوعیت کے متعدد بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا۔
پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول کی فراہمی بند کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاونس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
حکومت نے صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے پروٹوکول کے ساتھ چلنے والی اضافی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ سکیورٹی کی ناگزیر ضرورت کے تحت صرف ایک گاڑی وزراء اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ ہوگی۔
صوبائی حکومت نے سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ورک فرام ہوم کے تحت صرف اضافی سپورٹ سٹاف کی آمد و رفت کم کی جا رہی ہے جبکہ سرکاری کام جاری رہے گا۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے اعلان کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں سکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی تاہم امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز جاری رکھ سکیں گے۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور “مریم کی دستک” پروگرام کے تحت سرکاری خدمات جاری رہیں گی جبکہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسزمنعقد کی جائیں گی۔
حکومت نے سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرتے ہوئے لاہور کا روایتی ہارس اینڈ کیٹل شو بھی ملتوی کر دیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی کے لیے وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا ہے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ اس ٹیم میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرا اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے نجی شعبے کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ورک فرام ہوم اپنائیں، غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں اور صرف ضروری عملہ دفاتر بلائیں۔
انہوں نے تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے، جبکہ اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ آؤٹ ڈور تقریبات اور لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں اور ضروری اشیاء کی غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کو اتحاد، صبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکو موجودہ بحران میں جرات مندانہ فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
DATE . Mar/9/2026


