
سوال: مجھے مور سے متعلق چند باتیں پوچھنی ہیں:
1. کیا مور کھانا حلال ہے؟ یا اس میں کراہت یا حرمت ہے؟
2. اس کے انڈوں کا کیا حکم ہے؟
3. مور کو گھر میں رکھنا جائز ہے ؟ سننے میں آیا ہے کہ مور جنّت سے نکالا گیا ہے ، اس لیے اسے گھر میں رکھنا پسندیدہ نہیں ہے۔ میں نے ایک مور خریدا ہے، کیا اسے گھر میں رکھوں یا نہیں؟
4. مور کے پنکھ گھر میں خوبصورتی کے لیے رکھ سکتے ہیں؟ بعض لوگ مور کے پر قرآن مجید میں رکھتے ہیں، اس کی کیا حیثیت ہے؟
جواب:1. مور حلال ہے، اس کا گوشت کھانا حلال ہے، قرآن و سنّت میں جن جانوروں اور پرندوں کے گوشت سے منع کیا گیا ہے، یہ ان ممنوعہ جانوروں میں شامل نہیں، اور اس میں کوئی نقصان و ضرر بھی نہیں، لہٰذا اس میں اصل حلّت ہے، سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 29 میں ہے: ترجمہ: ” وہی اللہ ہیں جنہوں نے تمھارے فائدے کے لیے پیدا کیا جو کچھ بھی زمین میں موجود ہے سب کا سب۔”
(الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الذبائح، الباب الثانی فی بيان مايؤ كل من الحيوان ومالا يؤ كل، ج: 5، ص:290، ط:رشيديۃ – الفقہ علیٰ المذاھب الأربعۃ، کتاب الحظر والاباحۃ، مبحث مایمنع اکلہ وما يباح أو ما يحل وما لا يحل، ص :412، ط: دار الغد الجدید)
2. مورنی کے انڈے حلال ہیں، اس لیے کہ جس جانور/ پرندے کا گوشت حلال ہے، اس کے انڈے بھی حلال ہیں۔
3. مور کو گھر میں رکھنا جائز ہے، آپ نے مور خریدا ہے اور گھر میں رکھنا چاہتے ہیں تو اس میں حرج نہیں ہے، تاہم اس کی خوراک اور ضروریات وغیرہ کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ بعض تفسیروں میں ہے کہ مور جنت میں تھا، پھر وہاں سے نکال دیا گیا۔ (تفسير ابن عباس، ج:1،ص:18،ط:بيروت)جنّت سے تو انسان کو بھی نکالا گیا ہے، لہٰذا اگر یہ ثابت بھی ہو کہ مور کو جنت سے نکالا گیا ہے تو بھی اس وجہ سے مور کو گھر میں رکھنا منع یا ناپسندیدہ نہیں ہوگا۔
4. مور کے پنکھ (پر) سجاوٹ اور خوب صورتی کے لیے گھر میں رکھنا جائز ہے۔ لیکن مصحف میں مور کے پر، یا اس طرح کی کوئی اور چیز رکھنا مناسب نہیں ہے، اگر یہ برکت اور ثواب کی نیت سے ہو تو اس کی کوئی اصل نہیں ہے، اس لیے اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
DATE . 22 / Aug/2026
