
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے جم سے باہر نکلتے ہوئے اپنی ایک وائرل ویڈیو کے بعد حاملہ ہونے کی افواہوں پر ذو معنی انداز میں ردعمل دیا ہے۔
کرینہ کی حالیہ تصاویر سامنے آنے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین یہ قیاس آرائیاں کر رہے تھے کہ وہ امید سے ہیں۔
اداکارہ کی ٹیم اور سیف علی خان کی ہمشیرہ صبا پٹودی کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کے بعد اب کرینہ نے خود بھی سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کا جواب دیا ہے۔

کرینہ نے انسٹاگرام پر ایک ایسے شخص کی تصویر شیئر کی جو اپنا پھولا ہوا پیٹ دکھا رہا ہے، جس کے پس منظر میں فلم ہم آپ کے ہیں کون کا گانا ‘چاکلیٹ لائم جوس’ چل رہا تھا۔
انہوں نے پوسٹ کے ساتھ ہنسنے والے اور پیزا کے ایموجیز بھی شامل کیے، جس سے بظاہر یہ اشارہ ملتا ہے کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا پیٹ صرف زیادہ کھانا کھانے کا نتیجہ تھا۔

اس سے قبل کرینہ کپور کے قریبی ذرائع نے بھی ‘ہندوستان ٹائمز’ کو اداکارہ کے تیسرے حمل کی افواہوں پر وضاحت کی تھی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کرینہ حاملہ نہیں ہیں اور یہ بات بلکل بھی درست نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے اپنے خاندانی منصوبوں کے بارے میں بات کی تھی اور یہ واضح کیا تھا کہ وہ مزید بچے نہیں چاہتیں۔
واضح رہے کہ کرینہ جلد ہی میگھنا گلزار کی فلم دائرہ میں نظر آئیں گی۔ یہ بطور مرکزی اداکارہ ان کی 68 ویں فلم ہے اور اس میں پرتھویراج سوکومارن بھی ایک اہم کردار میں ہیں۔
یہ فلم 18 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے
DATE . 24 / Aug/2026
