
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی تیاری ہو رہی ہے، جو بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اس سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کے پی پولیس کے حالات آپ سب لوگوں کے سامنے ہے، ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، یہ شہید نہ ہمارے ہیں ن ان کے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے شہید ہیں۔
ان کا کہنا تھا سیاسی اختلاف اپنی جگہ کوئی وزیر شہیدوں کے جنازے میں نہیں آیا، آپ اتنے بے حس ہوگئے ہیں کہ نا تو خود اور نا ہی کوئی وزیر شہیدوں کے جنازے میں گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اکثر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، انہیں خود بھی نہیں پتہ کہ ان کا مطالبہ کیا ہے، عمران خان کا علاج قانون کے مطابق ہوگا ان کی مرضی سے نہیں، کل بھی عمران خان کا میڈیکل چیک اپ ہوا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جو بھی وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کی کوشش کرے گا اس سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا، ہمارے پاس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اس پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا اب بھی وقت ہے کہ بند گلی میں نہ جائیں، ایسی جگہ نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو، ہمارے پاس جو بھی قانونی راستہ ہوگا وہ اختیار کریں گے، اس بار یہ نہیں ہوگا کہ آپ آئیں اور ملک 10، 20 دن کے لیے بند ہو جائے، اس بار مستقل لائحہ عمل بنایا جائے گا، اس بار وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی، یہ ہمیشہ کے لیے ہوگا۔
اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا جو بھڑکیں مارتے ہیں انہیں مارنے دیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
نئے صوبوں کا معاملہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے: وزیر داخلہ
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا معیشت پر زیادہ نہیں بولنا چاہتا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے، بہت سے ممالک میں تو پیٹرول مل ہی نہیں رہا۔
محسن نقوی کا کہنا لتھا جو صورتحال چل رہی ہے، تو وفاقی وزیر نے ٹھیک کہا کہ ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملے گا، ایک ایک جہاز کے پیچھے ہر بندہ جان مار رہا ہے۔
نئے صوبوں سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا میں پُرامید ہوں کہ صوبے ضرور بنیں گے، نئے صوبوں کا معاملہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
DATE . 21/Sep/2026
