بالی وڈ اداکارہ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ جیا بچن کو صحافی نے کھری کھری سنا دیں۔
جیا بچن کی صحافیوں، فوٹوگرافروں اور پاپرازی (paparazzi) کے ساتھ تلخی خبروں کی زینت بنی رہتی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو موجود ہے جس میں جیا بچن کسی تقریب میں شرکت کررہی ہیں کہ اسی دوران ان کا صحافی کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہمیشہ کی طرح جیا بچن غصے میں ہیں اور انہوں نے وہاں موجود صحافیوں اور فوٹوگرافر کو غصے سے گھورتے ہوئے دیکھا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے بغیر ڈر و خوف کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’گھور کیوں رہی ہیں، آپ امیتابھ بچن کی بیوی ہیں اس لیے فوٹو بنائی ہے، یہ آنکھیں امیتابھ بچن کو دکھائیے گا، ہمیں نہیں‘۔
اس سے قبل بھی جیا بچن کی عوامی تقریبات میں فوٹو گرافروں سے تلخ کلامی کی ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں۔