چین کروشیا کے ساتھ تعلقات کو طویل المدتی تناظر میں دیکھنے کے لیے تیار ہے، چینی وزیر خا رجہ

ز غرب ()
کروشیا کے صدر زوران میلانویچ نے دارالحکومت زغرب میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
میلانویچ نے وانگ ای سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پھنگ تک ان کا دلی خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران چین میں غیرمعمولی تبدیلیاں آئی ہیں اور معاشی و سماجی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جنہیں دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ چین کی پُرامن ترقی دنیا کے کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں، اس لیے تمام فریقوں کو چین کو معروضی اور حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کروشیا چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف سطحوں پر روابط مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ کروشیا ایک چین کے اصول پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے اور تائیوان کو چین کا ناقابلِ تقسیم حصہ سمجھتا ہے۔
وانگ ای نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے صدر میلانویچ کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کا بلند نصب العین پیش کیا ہے، جس کے تحت تمام ممالک کو مشترکہ مستقبل اور باہمی وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس واحد سیارے کی حفاظت اور تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے جہاں انسانیت آباد ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین کروشیا کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی اور طویل المدتی تناظر میں دیکھنے کے لیے تیار ہے اور جامع شراکت داری کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کی سطح کو مزید بلند کرنے کے امکانات پر غور کرنا چاہتا ہے۔
فریقین نے چین۔یورپ تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وانگ ای نے کہا کہ چین اور یورپ کے درمیان بنیادی مفادات کا کوئی تصادم نہیں اور دونوں فریق ایک دوسرے کی کامیابی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ چین اور یورپ حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہیں، اس لیے انہیں محاذ آرائی کے بجائے تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چین اور یورپ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مشاورتی طریقۂ کار کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر دونوں فریق مذاکرات اور مشاورت کے راستے پر آگے بڑھیں تو باہمی مفاد اور مشترکہ کامیابی پر مبنی حل تلاش کیے جا سکتے ہیں۔

DATE . 17/Oct/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top