
راولپنڈی :پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز” غازی”کی لانچنگ کی پروقار تقریب چین کے علاقے ووہان کی بندرگاہ شوانگلیو بیس پر ہوئی ۔آبدوز غازی کے لانچ ہونے کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین میں زیرتکمیل ہنگور کلاس کی چاروں آبدوزیں سخت سمندری آزامائشوں سے گزاری جا رہی ہیں جس کے بعد ان کو پاک بحریہ کے حوالے کر دیاجائے گا ۔
پاکستان نے چین کے ساتھ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزیں حاصل کرنے کے لیے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت چارآبدوزیں چین میں تیار ہوں گی جبکہ باقی چار آبدوزیں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت کراچی کی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں بنائی جائیں گی ۔
ہنگور کلاس کی یہ آبدوزیں جدید ترین اسلحے اور سینسرز سے لیس ہیں جو دور دراز کے اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی خصوصی صلاحیت رکھتی ہیں ۔پاک بحریہ کی یہ نئی آبدوزیں خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی ۔
پروقار لانچنگ تقریب میں دونوں ملکوں کے اعلی حکام کی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ دو طرفہ تعاون دن بدن مزید مضبوط ہو رہا ہے ۔
DATE . Dec/18/2025


