
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ اور بہادر شاہینوں کو بھارتی ایئر فورس کی جارحیت کے مذموم منصوبے کو فوری طور پر ناکام بنانے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر نے دشمن کے متعدد جنگی طیارے مار گرانے پر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی برتری منوا لی ہے۔
آرمی چیف نے تینوں مسلح افواج کے درمیان بہترین ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے اداروں کا یکجہتی کے ساتھ کام کرنا نہایت اہم ہے۔ ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی جغرافیائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا، اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
DATE . May/8/2025