مظفرآباد: مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس اور کل جماعتی کانفرنس میں شرکاء نے امن کی خواہش کو بزدلی نہ سمجھنے اور کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے متفقہ طور پر بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں وہ افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کو دندان شکن جواب دیں گے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر وہ پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جارحیت کی صورت میں دشمن کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر ایک ارب روپے کا ایمرجینسی ریسپانس فنڈ قائم کرنے اور آزاد کشمیر کے 13 حلقہ جات میں شاہرات کی بحالی، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں بھارتی جھوٹے بیانیے اور منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر، صدر مسلم کانفرنس، سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی، ممبران اسمبلی، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے شرکت کی۔کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ بنا کر قتل و غارت گری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر جارحیت سمیت کوئی بھی مہم جوئی بھارت کی آخری غلطی ثابت ہو گی۔کانفرنس میں حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے ہندوستان کو مؤثر جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور بھارت کے جھوٹے بیانیے اور فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کرنے پر مسلح افواج کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
Date . May/2/2025