
مظفرآباد :آزاد کشمیر میں بھی یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیادارلحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے گئے۔
مظفرآباد کے برہان وانی شہید چوک سے مہاجرین جموں کشمیر کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء نے ہاتھوں میں قومی و ریاستی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اور “پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے حق میں نعروں سے مزین بینرز پلے کارڈز تھامے شہید افضل گورو چوک تک شہر کی مرکزی شاہراہ پرمارچ کیا ریلی کے اجمتاع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کا دفاعی حصار جسے فلسطین و غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں ۔
یوم تکبیر کے سلسلہ میں سینٹر فار انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز کے زیر اہتمام جامع کشمیر کے چھتر کلاس کیمپس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر خطاب میں مقررین نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام ،سیاسی قیادت ،مسلح افواج ، ڈاکٹر عبد القدیر خان ، ڈاکٹر ثمر مند مبارک اور اس ہر اس کردار کو خراج تحسین پیش کیا جس نے مشکل حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر اس کا دفاع ناقابل تسخیر بننے میں مدد کی ۔
یونیورسٹی آف آزاد جموں کشمیر کے چہلہ کیمپس میں بھی یوم تکبیر کے سلسلے میں تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
بحالی اور تعمیر نو کے ادارے سیراء اور مسلم لیگ ن حلقہ چار کے زیر اہتمام ضلع جہلم ویلی میں الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں شرکاء نے پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ایل او سی چکوٹھی کی جانب مارچ کیا۔
میرپور کوٹلی باغ اور نیلم سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں یوم تکبیر اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ ملک کی دفاع میں تمام اکائیاں ایک صفحے پر رہ کر ملک کی حفاظت کی خاطر تن من دھن کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گی ۔
DATE . May/28/2025