رحیم یارخان ۔ 15 دسمبر (اے پی پی):رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر رحیم یارخان چیمبر ولید احمد نے کی۔ اجلاس میں سابقہ اجلا س کی کاروائی کی توثیق اور نئی ممبر شپ کے لیے موصول ہونے والی30 درخواستوں کی ہاؤس نے منظوری دی۔ ہاؤس نے ایسوسی ایٹ کلاس سے کارپوریٹ کلاس میں تبدیلی ہونے والی کمپنیوں کی بھی منظوری دی۔ ایگزیکٹو کمیٹی میں ٹریڈ آرگنائزیشن رولز کے سیکشن 22اور23 کے تحت ایک سال اور تین سال کے لیے پلان آف ایکٹیویٹیزکی بھی منظوری دی۔
آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس2025 رحیم یار خان چیمبر میں منعقد کروانے کی ہاؤس نے منظوری دی۔رحیم یار خان چیمبر ممبرشپ کی فیس میں اضافہ کی درخواست پیش کی گی جس میں تمام ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے اپنی رائے دی۔ ہاؤس نے ایسوسی ایٹ کلاس نئی ممبر شپ کی فیس میں 8000 روپے اور رینول فیس 7000 روپے جب کہ کارپوریٹ کلاس نئی ممبر شپ کی فیس 15000روپے اور رینول فیس 12000کی منظوری دے دی۔ صدر رحیم یار خان چیمبر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیس بڑھانے کا مقصد چیمبر کو مزید ترقی کی طرف لے کر جانا ہے ہم اس سال بہت سارے پروجیکٹس اپنے ممبران کے لیے لے کر آرہے ہیں
جس سے چیمبر کے ممبران مستفید ہوں گے۔الحمد اللہ ہم نے پولیس خدمت مرکز، نادرہ کی سہولت رحیم یار خان چیمبر کے ممبران کے لیے مہیا کروا لی ہے جس کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔اس موقع پر سنیئر نائب صدر شہیر اقبال، نائب صدر افضال احمد، ایگزیکٹو ممبرا ن حشمت علی، عبدالطیف بھٹی، محمد یسین،میاں محمد حسین، ثاقب سعید، عرفان خالد، میاں انعام باری، قیصر محمود، عمران شبیر، محمد شہروز ندیم، نعمان خالد، ریاض الرحمان، شہباز احمد، محمدطارق، ذوالفقار علی، سیکرٹری جنرل رحیم یار خان چیمبر محمد عثمان اظہر اوراسسٹنٹ سیکرٹری جنرل عظمیٰ صادق بھی موجود تھیں۔
DATE .DEC/16/2024