
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہےکہ دنیا جان گئی ہے، بنیان مرصوص کا مطلب کیا ہوتا ہے، سیسہ پلائی دیوار کا مطلب کیا ہوتا ہے، اب غربت، جہالت اور فتنے فساد کے خلاف جنگ ہوگی او ر ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔
لاہور میں جشن آزادی پر تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سےکئی گنا بڑی قوت کو دھول چٹائی، یہی جنگ اگر پاکستانی قوم تقسیم ہوکر لڑتی تو قسم سے یہ جنگ ہم کبھی بھی نہ جیتتے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جن کی لیڈر شپ میں پاکستان ایسی کامیابی سے ہمکنار ہوا کہ دنیا دیکھتی رہ گئی۔
مریم نواز نےکہا کہ دنیا ابھی تک سوچ رہی ہے کہ یہ کیا ہوگیا کہ پاکستان نے رافیل طیارے مار گرائے، اب غربت، جہالت کے خلاف جنگ ہوگی، فتنے فساد کےخلاف جنگ ہوگی اور ہم ضرور جیتیں گے، پاکستان کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائیں گے، ملک کو غربت سے نکالنے کے لیے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے ملک کی تنزلی شروع ہوئی، ملک کی خدمت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی، اگر نیت اچھی نہ ہو تو عہدے لےکر بھی لوگ بد نام ہوجاتے ہیں، یہ مٹی زرخیز ہے، تھوڑا سا پانی اور محنت مانگتی ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے۔
DATE . Aug/15/2025