
سینئر اداکارہ نائمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ادیب اور ڈرامہ و افسانہ نگار مرحوم اشفاق احمد رشتے میں ان کے ماموں لگتے تھے۔
اداکارہ نائمہ خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے میزبان وصی شاہ کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
دوران شو اداکارہ نے بتایا کہ ’ افسانہ نگار اشفاق احمد رشتے میں میرے ماموں لگتے تھے، وہ میری والدہ کے کزن تھے، میرا بچپن اشفاق احمد کی گود میں گزرا‘ ۔
اداکارہ نے بتایا کہ’ جب میں نے اشفاق احمد سے شوبز میں دلچسپی کا ا ظہار کیا اور ان کی سفارش کی درخواست کی تو ان کا کہنا تھا کہ’ میرا بھیجا ہوا تو کچرا بھی رکھ لیا جائے گا لیکن اس طرح تم پر سفارشی کا لیبل لگ جائے گا، اداکاری اپنے بل بوتے پر کرنا میرے نام کا استعمال کرکے اداکاری مت کرنا، جب تمہارا اس انڈسٹری میں کوئی مقام بن جائے اس دن بتانا میں اشفاق احمد کی بھانجی ہوں‘ ۔
نائمہ خان نے مزید بتایا کہ ’اشفاق احمد شادیوں کی تقریب میں شرکت سے گریز کرتے تھے کیوں کہ ان کا ماننا تھا کہ ان کی موجودگی کسی بھی تقریب کی توجہ ان کی طرف سمیٹ لیتی ہے لیکن انہوں نے میری شادی کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی‘۔
سینئر اداکارہ کہنا تھا کہ ’اشفاق احمد نے انتقال سے قبل مجھ سے خواہش کی تھی کہ میں اپنے گھر کچی لسی اور مختلف قسم کے آموں کی پارٹی کا انعقاد کروں لیکن اسی دوران میں بچوں کے ہمراہ چھٹیوں پر انگلینڈ چلی گئی اور ان کا انتقال ہوگیا، مجھے ان کی خواہش پوری نہ کرنے کا آج بھی دکھ ہے‘۔
DATE . Nov/8/2025


