.webp)
راولپنڈی: ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے پاکستان کے دورے کے دوران سینئر وزراء کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کا سرکاری دورہ کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ازبکستان کے صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور دورے کے دوران ان کی میزبانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر ازبکستان کے صدر کو جی آئی ڈی ایس کے متنوع دفاعی و صنعتی پورٹ فولیو سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی اختراعات شامل تھیں۔ وفد نے جی آئی ڈی ایس کی مختلف اہم تنصیبات کا دورہ کیا اور پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کردہ دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا، جو دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ازبکستان کے صدر کا جی آئی ڈی ایس کا یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
DATE . Feb/6/2026


