استنبول میں او آئی سی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس، عبدالعلیم خان کاعلاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار

News Image

استنبول : او آئی سی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اہم خطاب کرتے ہوئے او آئی سی ممالک کے درمیان علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے ترکی کی مثالی ترقی اور صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زمینی رابطے اب محض انتخاب نہیں بلکہ عالمی اور علاقائی ترقی کے لیے ناگزیر ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی اور ڈیجیٹل رابطہ خوشحالی اور استحکام کے بنیادی محرک ہیں۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث علاقائی تجارت کا قدرتی “گیٹ وے” ہے اور سی پیک ٹو کے تحت او آئی سی ممالک کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا کا پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک ہونا تجارتی اور ٹرانزٹ حجم میں اضافے کا سبب بنے گا، جبکہ گوادر پورٹ وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک مختصر ترین بحری راستہ فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان، چین، کرغزستان اور قازقستان کے چہار ملکی اشتراک کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان او آئی سی ممالک کو گوادر پورٹ کے ذریعے تجارتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی ٹرانزٹ معیارات اور ڈیجیٹل ٹریڈ پلیٹ فارمز پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ پاکستان میں ٹی آئی آر آپریشنز میں گزشتہ سال نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں ترک وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورالولو نے پاکستان کے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔

DATE . Feb/13/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top